متفرق خبریں

امریکی دھمکیاں، فرانس کا نیٹو سے گرین لینڈ میں فوجی مشق کرنے کا مطالبہ

جنوری 21, 2026

امریکی دھمکیاں، فرانس کا نیٹو سے گرین لینڈ میں فوجی مشق کرنے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آرکٹک علاقے گرین لینڈ پر قبضے کی کوششوں کے دوران یورپی ملکوں کے رہنما مسلسل متحرک ہیں۔

‎فرانس نے فوجی اتحاد نیٹو سے گرین لینڈ میں ایک مشق کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

‎ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں کہا ہے کہ یورپ دھونس یا دباؤ میں نہیں آئے گا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس نیٹو سے گرین لینڈ میں مشق کرنے کا مطالبہ کرتا ہے اور اس میں شریک ہونے کے لیے تیار ہے۔

روئٹرز کے مطابق منگل کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا کہ ’فرانس اور یورپ طاقتور کے قانون کو خاموشی سے قبول نہیں کریں گے۔ ایسا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یورپ کی حیثیت ان کے ماتحت جیسی ہو جائے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ یورپ اپنی سرحدی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑا رہے گا۔
’ہم دھونس سے زیادہ احترام کو ترجیح دیتے ہیں اور ہم ظلم و جبر کے بجائے قانون کی حکمرانی کو مقدم سمجھتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’واشنگٹن کی نئی مصنوعات پر مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیرف کا اطلاق بنیادی طور پر ناقابل قبول ہے۔ یہ بات اُس وقت اور بھی زیادہ قابلِ اعتراض ہو جاتی ہے جب انہیں علاقائی خودمختاری کے خلاف دباؤ کے طور پر استعمال کیا جائے۔‘

فرانسیسی صدر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر یورپ امریکہ کو گرین لینڈ پر مالکانہ حق حاصل نہیں کرنے دے گا تو وہ بھاری ٹیرف عائد کر دیں گے۔

اگرچہ دیگر یورپی رہنماؤں نے تنازع بڑھنے سے روکنے کے لیے معتدل انداز اختیار کیا ہے تاہم ایمانوئل میکخواں نے کھل کر تنقید کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے