متفرق خبریں

عمران خان اور بشریٰ کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر

فروری 14, 2026

عمران خان اور بشریٰ کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مطالبہ کیا ہے کہ ‏تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کے مقدمات اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں۔

سنیچر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آنکھ میں تکلیف کے بعد جلد سماعت کی درخواست دائر کی۔

سلمان صفدر کے مطابق بشری بی بی خاتون ہیں لیکن ان کو ایک سال سے ضمانت نہیں ملی، درخواست کی ہے پیر کو عمران خان اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چوتھی بار درخواستیں دائر کی ہیں، اس بار پہلے سے مختلف وجوہات کی بنا پر درخواستیں دائر کیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا کوئی ایک بھی مقدمہ ایک سال سے سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوا، کئی بار چیف جسٹس، رجسٹرار سے ملاقات کرکے استدعا بھی کی۔ دو تین بار سرکار نے بہانے بنا کر کیس ملتوی کروایا، وکلا نے چیف جسٹس کو خط بھی لکھا کہ رجسٹرار دفتر مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کرتا، اب خط کو بھی دو ماہ ہوگئے مگر کوئی کیس مقرر نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب طبی بنیادوں پر درخواستیں دائر کی ہیں کہ سماعت جلد کی جائے۔

اسی طرح بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس فیصلوں پر اگلے ہفتے سماعت کی جائے، اس کیسز میں میرٹس کو دیکھا جائے اور سزا معطل کی جائے۔

وکیل نے اُمید ظاہر کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے مقدمات اگلے ہفتے مقرر کر دیے جائیں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے