افغانستان اور پاکستان کی فوجی جھڑپیں، کس کا کتنا نقصان ہوا؟
افغانستان اور پاکستان کے درمیان جمعرات کی شب ہونے والی سرحدی جھڑپوں اور کابل و قندھار پر پاکستانی فضائیہ کی بمباری میں دونوں اطراف نے ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے دعوے کیے ہیں۔
افغان طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیانات میں طالبان فورسز کی جانب سے متعدد پاکستانی چوکیوں کو تباہ کرنے، کچھ کو قبضے میں لینے اور متعدد فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کارروائیوں میں پاکستانی فوج کے 55 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغانستان میں کابل، پکتیکا اور قندھار میں افغان طالبان کے دفاع اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان نے افغانستان میں طالبان کے 133 اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغان طالبان نے ان حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں جانی نقصان نہیں ہوا۔
اقوامِ متحدہ نے افغانستان اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کروانے کے لیے تیار ہے۔

