چھ ماہ تک جنگ کی صلاحیت، بیان کا غلط مطلب لیا گیا: ایرانی صدر
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے گذشتہ روز کے ویڈیو خطاب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے ان بیانات کا ’غلط مطلب‘ لیا ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خلیج میں امریکی تنصیبات پر تازہ حملوں کے بعد خبردار کیا ہے کہ ’ایران کی مسلح افواج لڑائی کی موجودہ رفتار کے ساتھ کم از کم چھ ماہ تک شدید جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
اپنے ایک نئے ویڈیو پیغام میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ’دشمن چاہتا ہے کہ ایران کو مسلمان اور پڑوسی ممالک کے ساتھ جنگ میں دھکیل دیا جائے۔‘
ایران کے صدر نے سنیچر کو ایک ویڈیو پیغام میں ان پڑوسی ممالک سے معافی مانگی تھی جو ایران کے حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سنیچر کے روز ایک خطاب میں کہا تھا کہ ایران کی عبوری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ پڑوسی ممالک پر کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا جب تک کہ ایران پر براہِ راست حملہ ان کی سرزمین سے نہ ہو۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی پالیسی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ہے، لیکن امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے دفاعی حکمتِ عملی پر عمل کر رہا ہے۔

