فوجی مراکز کو جلانا قابلِ برداشت نہیں، ایران سے محبت کرنے والے وہاں چلے جائیں: شیعہ عالم کا آرمی چیف سے منسوب بیان
پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکردو میں احتجاج کے دوران فوجی مراکز کو جلایا گیا جو قابلِ برداشت نہیں، جس کو ایران سے محبت ہے وہاں چلا جائے۔
یہ بات علامہ شفا نجفی نے جمعہ کے خطبہ کے دوران حاضرین کو بتائی۔
علامہ کا کہنا تھا کہ دو دن قبل پورے پاکستان سے ایک بہت بڑے (شیعہ علما) کے وفد کا پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس ملاقات میں ہمارے پاک فوج کے سالار نے گفتگو کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو ہمارے علمائے کرام وہاں موجود تھے وہ پاکستان بھر سے چیدہ چیدہ شخصیات تھیں۔ وہ شخصیات بین الاقوامی طور پر بھی قابلِ احترام تھیں یعنی جس انداز سے اُن سے گفتگو کی جانی چاہیے تھی وہ انداز نہیں اپنایا گیا۔ اُس میں بہت ساری باتیں تھیں۔
علامہ نجفی نے کہا کہ اب ظاہر ہے اس طرح کی شخصیات (عہدیدار) جب اظہارِ خیال کرتی ہیں تو اُن رپورٹس کی روشنی میں کرتی ہیں جو اُن تک انٹیلیجنس ایجنسیاں پہنچاتی ہیں۔ ہر واقعے کے وہ خود عینی شاہد نہیں ہوتے۔
علامہ شفا نجفی کے مطابق اُس جمعے کو پورے ملک میں، اسلام آباد میں، گلگت میں، بلتستان میں بھی، کراچی اور سکردو میں احتجاج ہوئے۔ اس دوران جو ناخوشگوار واقعات پیش آئے اُن کی درست رپورٹ اوپر نہیں پہنچائی گئی۔
علامہ نجفی کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سکردو میں فوجی مراکز کو جلایا گیا جو ہمارے لیے قابلِ برداشت نہیں ہے۔
شیعہ عالم شفا نجفی کے خطبہ جمعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

