بحر ہند میں ڈیگو گارشیا کے فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے
ایران نے بحر ہند میں جزیرے پر واقع برطانیہ اور امریکہ کے مشترکہ فوجی اڈے ڈیاگو گارشیا کی جانب متعدد میزائل داغے ہیں تاہم اس حملے میں تاحال کسی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ میزائل اس وقت داغے گئے جب برطانیہ نے گزشتہ رات امریکی افواج کو برطانوی اڈوں کے اضافی استعمال کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے جمعے کو متعدد امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے ڈیاگو گارشیا اڈے پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں لیکن یہ میزائل بحر ہند میں امریکی اور برطانوی مشترکہ فوجی اڈے پر نہیں گرے۔
دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع نے امریکی میڈیا کی اس رپورٹ کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ ایران کی طرف سے ڈیاگو گارشیا پر امریکہ اور برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے کی طرف میزائل داغے گئے۔
وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے آج صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ایران کے حملے پورے خطے میں پھیل چکے ہیں اور آبنائے ہرمز کو یرغمال بنا چکے ہیں، جو برطانیہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔‘

