صدر ٹرمپ کی سعودی ولی عہد کا مذاق اُڑانے کی نئی ویڈیو وائرل، وجہ کیا بنی؟
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا مذاق اڑایا ہے- امریکی صدر کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور اسلامی ملکوں کے صارفین اپنی حکومتوں سے متحد ہونے مطالبہ کر رہے ہیں-
جمعے کو میامی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’اُس (سعودی ولی عہد) نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اسے میری خوشامد کرنی پڑے گی (میری جی حضوری کرنیا پڑے گی)، واقعی اُس نے ایسا نہیں سوچا تھا… اور اب اسے میرے ساتھ تمیز سے پیش آنا پڑ رہا ہے… بہتر ہے کہ وہ میرے ساتھ تمیز سے رہے، اسے رہنا ہی پڑے گا-‘
پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی شب دیر گئے اس خطاب کی ویڈیو سنیچر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اس پر صارفین نے تبصروں میں امریکیوں کو مغرور اور گھمنڈی قرار دیا ہے-
بہت سے صارفین نے سعودی ولی عہد اور دیگر اسلامی ملکوں کے سربراہوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متحد ہوں تاکہ خطے میں اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے اُن کو امریکہ کی ضرورت نہ پڑے اور واشنگٹن کے حکام اُن کی توہین و تضحیک نہ کر سکیں-
اپنے خطاب میں امریکی صدر نے نیٹو کے اتحاد میں شامل ملکوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا- انہوں نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ اُن (نیٹو) کا کوئی وجود ہی نہیں۔ حالانکہ ہم نیٹو پر سالانہ سینکڑوں ارب ڈالرز خرچ کرتے ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، لیکن اب ان کے اقدامات کی بنیاد پر میں سمجھتا ہوں کہ اب ہم ایسا کرنے کے پابند نہیں ہے۔‘
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’اگر وہ ہمارے ساتھ نہیں تو پھر ہم ان کے لیے یہاں کیوں ہیں؟‘
ادھر سنیچر کی صبح سعودی ایئر بیس پر حملے میں 12 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں کم از کم دو امریکی فوجی شدید زخمی ہوئے۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب یہ فوجی سعودی ایئر بیس میں ایک عمارت کے اندر موجود تھے۔

