امارات میں یوکرینی اینٹی ڈرون سسٹم کے ڈپو کو نشانہ بنایا: ایرانی فوج
ایران کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات میں ایک ڈپو کو نشانہ بنایا جو یوکرینی اینٹی ڈرون سسٹم کا مرکز تھا اور جس کا استعمال امریکی افواج کی مدد کے لیے کیا جا رہا تھا۔
ایران کی فوج کے مرکزی آپریشنل کمانڈ خاتم الانبیاء نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ’جب دبئی میں امریکی کمانڈروں اور فوجیوں کے ٹھکانے نشانہ بنائے گئے… تو یوکرینی اینٹی ڈرون سسٹمز کا ایک ڈپو جو امریکی فوج کی مدد کے لیے دبئی میں واقع تھا، کو بھی نشانہ بنایا گیا اور تباہ کر دیا گیا۔‘
اس سے قبل ہفتہ کو یوکرائن کے صدر ولا دیمیر زیلنسکی نے امارات کے غیراعلانیہ دورے کے دوران کہا تھا کہ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر زیلنسکی کے سعودی عرب کے دورے کے دوران یوکرین اور سعودی عرب نے فضائی دفاع کے معاہدے پر دستخط کیے۔
رواں ماہ کے آغاز میں صدر زیلنسکی نے کہا تھا کہ 201 یوکرینی اینٹی ڈرون فوجی ماہرین مشرقِ وسطیٰ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں یا جا رہے ہیں تاکہ امارات، قطر، سعودی عرب اور کویت کی مدد کریں۔
یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ایران فروری 28 سے جاری جنگ کے بعد سے خلیج میں اسرائیل اور امریکی مفادات پر حملے کر رہا ہے۔
ایران اپنے خلیجی ہمسایوں پر الزام لگاتا ہے کہ وہ امریکی افواج کو اپنی سرزمین سے حملے کرنے کی اجازت دے رہے ہیں، لیکن خلیجی ریاستوں نے بار بار ان الزامات کی تردید کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ جنگ سے پہلے بھی اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا۔

