امریکہ و اسرائیل کی ’جارحیت‘ روکنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا شکریہ: ایرانی صدر
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ہفتہ کو پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا تاکہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کو روکا جا سکے۔
ایران کے صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت میں کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ پر جارحیت روکنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کے لیے ہم شکر گزار ہیں۔‘
اے ایف پی کے مطابق یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب سعودی عرب، مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ اسلام آباد میں مشرقِ وسطیٰ کی جنگ پر بات چیت کے لیے ملاقات کی تیاری کر رہے ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد میں وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو پاکستان کے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں پر اعتماد میں لیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی جبکہ ایرانی صدر نے مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے سنیچر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جو ایک گھنٹے سے زائد وقت جاری رہی۔
گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، بالخصوص گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

