متفرق خبریں

’فیول ٹیکس آدھا، تاکہ آپ کو فیول ٹینک بھرتے وقت کم رقم خرچ کرنا پڑے‘

مارچ 30, 2026

’فیول ٹیکس آدھا، تاکہ آپ کو فیول ٹینک بھرتے وقت کم رقم خرچ کرنا پڑے‘

آسٹریلیا میں‌ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عوام کے گھریلو اخراجات کم رکھنے کے لیے جون کے آخر تک ایندھن پر لگنے والا ٹیکس (فیول ایکسائز) نصف کر دیا جائے گا۔

آسٹریلوی حکومت یہ ایکسائز ڈیوٹی پیٹرول سٹیشنز پر ایندھن کی فروخت پر عائد کرتی ہے۔ اس ٹیکس کو پیٹرول کے لیے 26.3 سینٹ فی لیٹر کم کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیرِاعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم تین ماہ کے لیے فیول ٹیکس آدھا کر رہے ہیں تاکہ آپ کو فیول ٹینک بھرتے وقت کم رقم خرچ کرنا پڑے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’بیرونِ ملک جاری تنازعے نے ملک میں قیمتوں کو بڑھا دیا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ آسٹریلوی عوام دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔‘

آسٹریلیا کی دو ریاستیں وِکٹوریا اور تسمانیہ عارضی طور پر عوام کو سفر سے گریز کرنے اور ڈرائیونگ میں کمی لانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو ایندھن کی زیادہ قیمتوں کا بوجھ کم محسوس ہو۔

ایشیائی منڈیوں میں مندی میں رجحان

ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں پیر کی صبح کاروبار کے آغاز پر نمایاں کمی دیکھی گئی ہے کیونکہ ایک ماہ میں تیل کی قیمتیں ریکارڈ اضافے کی جانب بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔

جاپان کے نکیئی 225 انڈیکس میں 4.5 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوبی کوریا کی کوسپی مارکیٹ بھی 4.3 فیصد گر گئی۔ دونوں ملکوں کی معیشتیں مشرقِ وسطیٰ سے آنے والی توانائی پر بھاری انحصار رکھتی ہیں اسی لیے تیل کی بڑھتی قیمتوں نے ان کی سٹاک مارکیٹوں پر فوری اثر ڈالا ہے۔

آسٹریلیا کا اے ایس ایکس 200 انڈیکس بھی 1.4 فیصد نیچے آیا۔

تیل کی قیمتیں اس وقت سے مسلسل بڑھ رہی ہیں جب ایران کی جنگ ہفتے کے آخر میں شدت اختیار کر گئی اور یمن کے ایران نواز حوثی عسکریت پسند بھی لڑائی میں شامل ہو گئے۔ جبکہ مزید امریکی فوجی مشرقِ وسطیٰ پہنچے ہیں۔

خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت ایشیا میں ابتدائی کاروبار کے دوران تین فیصد اضافے کے ساتھ 115 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

امریکہ میں فروخت ہونے والا خام تیل بھی تقریباً 3 فیصد بڑھ کر 102.50 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے