کریمیا میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 29 افراد ہلاک
روس کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ کریمیا میں ایک روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار 29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے ملکی خبر رساں ایجنسیوں تاس اور ریا نووستی کو بتایا کہ اے این-26 (An-26) طیارے کا ’معمول کی پرواز‘ کے دوران کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد اس کا ملبہ ملا ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارہ ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا تھا۔ اس طیارے میں عملے کے چھ ارکان اور 23 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں۔
خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق منگل کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً شام چھ بجے طیارے سے رابطہ منقطع ہوا، اور تلاش کی کوششوں کے دوران اس کا ملبہ ملا ہے۔
روس نے 2014 میں یوکرین کے علاقے جزیرہ نما کریمیا پر قبضہ کر کے اسے ضم کر لیا تھا۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طیارے کو باہر سے کسی نے نقصان نہیں پہنچایا-
اس بیان کا یہ کا مطلب لیا جاتا ہے کہ طیارے کو کسی میزائل، ڈرون یا پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے حادثہ پیش نہیں آیا-

