پاکستان

’اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا‘، تہران کی وضاحت کا پاکستان میں خیرمقدم

اپریل 4, 2026

’اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا‘، تہران کی وضاحت کا پاکستان میں خیرمقدم

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’امریکی میڈیا ایران کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے۔‘

ایرانی وزیرِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم پاکستان کی کوششوں کے لیے دل سے شکر گزار ہیں اور ہم نے کبھی مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے لیے اہم بات اس غیرقانونی جنگ کے نتیجہ خیز اور دیرپا خاتمے کی شرائط ہیں جو ہم پر مسلط کی گئی ہے۔‘

دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر ہی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’ہم آپ کی جانب سے دی جانے والی وضاحت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروانے کی کوشش جاری ہے اور پاکستان کے اس اہم معاملے پر بطور ثالث کے سامنے آنے پر خطے میں خاصی بحث جاری ہے۔

قبل ازیں ایرانی وزیرِ خارجہ نے بوشہر جوہری پلانٹ کے قریب مبینہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ ہے کہ ’تابکاری کا اخراج تہران ہی نہیں بلکہ خلیجی تعاون کونسل کے دارالحکومتوں میں بھی زندگی کا خاتمہ کر دے گا۔‘

انھوں نے بیان میں کہا کہ ’یوکرین میں زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کے قریب جھڑپوں پر مغرب کے غم و غصے کو یاد کریں؟ اسرائیل اور امریکہ ہماری بوشہر تنصیب پر اب تک چار بار بمباری کر چکے ہیں۔

اپنے اس بیان میں انھوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’تابکاری کا اخراج تہران ہی نہیں بلکہ خلیجی تعاون کونسل کے دارالحکومتوں میں بھی زندگی کا خاتمہ کر دے گا۔ ہماری پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے بھی اصل مقاصد کو ظاہر کرتے ہیں۔‘

تاہم یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ابھی تک اس حملے میں اپنے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے