متفرق خبریں

اسرائیلی ریاست کو ’کینسر زدہ‘ قرار دینے کی پاکستانی وزیر دفاع کی پوسٹ ڈیلیٹ

اپریل 10, 2026

اسرائیلی ریاست کو ’کینسر زدہ‘ قرار دینے کی پاکستانی وزیر دفاع کی پوسٹ ڈیلیٹ

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنی وہ پوسٹ سوشل میڈیا سے ہٹا دی ہے جس میں‌ انہوں نے اسرائیلی ریاست کو ’کینسر زدہ‘ قرار دیا تھا۔

جمعرات کی شب پاکستانی وزیر دفاع کی اس پوسٹ پر اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا-

ایکس پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کے وزیرِ دفاع کی جانب سے اسرائیل کی تباہی کی اپیل نہایت اشتعال انگیز ہے۔‘

پاکستان کے وزیرِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ ’جب اسلام آباد میں بات چیت جاری ہے تو ایسے وقت میں لبنان میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔‘

خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ’معصوم شہری اسرائیلی کارروائیوں میں مارے جا رہے ہیں، پہلے غزہ، پھر ایران اور اب لبنان میں خونریزی کا نہ رُکنے والا سلسلہ جاری ہے۔‘

خواجہ آصف نے اس بیان میں اسرائیلی ریاست کو ’کینسر زدہ‘ قرار دیا اور اس کے قیام سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں‌ نے یورپ میں یہودیوں سے جان چھڑانے کے لیے فلسطین کی زمین پر اسرائیلی ریاست قائم کی اُن کی دعا ہے کہ وہ جہنم میں جلیں-

خواجہ آصف کے بیان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایسا بیان ہے جسے کسی بھی حکومت کی جانب سے قابلِ برداشت نہیں سمجھا جا سکتا، خاص طور پر ایسی حکومت کی طرف سے جو خود کو امن کے لیے غیر جانبدار ثالث قرار دیتی ہو۔‘

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ جدعون ساعر نے بھی پاکستان کے وزیرِ دفاع کی سوشل میڈیا پوسٹ پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہودی ریاست کو کینسر زدہ قرار دینا اس کی تباہی کی اپیل کرنے کے مترادف ہے۔‘

انھوں نے ردعمل میں سخت الفاظ استعمال کیے اور لکھا کہ ’اسرائیل ان دہشتگردوں کے خلاف اپنا دفاع کرے گا، جو اس کی تباہی چاہتے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے