ایران کے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد امریکی صدر نے لکھا ’شُکریہ پاکستان‘
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، اس کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا: ’پاکستان اور اس کے عظیم وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، یہ دونوں شاندار شخصیات ہیں۔‘
قبل ازیں ایران کے وزیرِ خارجہ کی جانب سے آبنائے ہرمز جنگ بندی کی ’باقی مدت‘ کے دوران تجارتی جہازرانی کے لیے مکمل طور پر کھولے جانے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔
اس اعلان کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہو کر 90 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی، جبکہ دن کے اوائل میں یہ 98 ڈالر سے زائد تھی۔
این وائی میکس لائٹ سویٹ کروڈ، جو امریکہ کا معیاری خام تیل ہے، اس کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔
تنازعے سے قبل برینٹ خام تیل تقریباً 70 ڈالر فی بیرل سے کچھ کم پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔
مارچ کے اوائل میں یہ 100 ڈالر سے تجاوز کر گیا اور اسی مہینے کے آخر میں 119 ڈالر سے بھی اوپر چلا گیا۔
اس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ کی جس میں انھوں نے آبنائے ہرز کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے لکھا کہ ’ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور مکمل آمدورفت کے لیے تیار ہے۔ شکریہ!‘
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر ایک اور فالو اَپ پوسٹ سامنے آئی ، جس میں انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ’مکمل طور پر کھلی ہے اور کاروبار کے لیے تیار ہے‘۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ’لیکن ایران کے حوالے سے بحری ناکہ بندی پوری طاقت اور مؤثر انداز میں برقرار رہے گی اور یہ اسی وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران کے ساتھ ہمارا لین دین 100 فیصد مکمل نہیں ہو جاتا۔‘
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’یہ عمل بہت تیزی سے مکمل ہونا چاہیے کیونکہ زیادہ تر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ!

