انجنئیر محمد علی مرزا کی اکیڈمی میں داخل ہونے کی کوشش، مسلح حملہ آور ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک مذہبی سکالر پر مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے ہلاک کر دیا ہے-
عینی شاہدین کے مطابق ضلع جہلم میں مذہبی سکالر محمد علی مرزا پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی-
واقعہ اتوار کی صبح جہلم کینٹ میں اکیڈمی کے دروازے پر پیش آیا-
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اکیڈمی کے دروازے کے ساتھ مبینہ حملہ آور کی لاش پڑی ہوئی ہے اور قریب پولیس اہلکار کھڑے ہیں-
مقامی صحافیوں کے مطابق انجینئر محمد علی مرزا کی اکیڈمی پر ایک نامعلوم مسلح شخص نے حملہ کیا جسے پولیس نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جس کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے-
عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اتوارکی صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ ایک نامعلوم مسلح شخص نے اکیڈمی کے سامنے سڑک کی دوسری جانب گرین بیلٹ میں پوزیشن سنبھالی اور اچانک اکیڈمی کے مرکزی دروازے اور وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے مارے جانے والے شخص سے کوئی شناختی کارڈ یا دستاویز برآمد نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے تاحال اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے پسِ پردہ محرکات کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔

