پاکستان

جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد، صحافی فخر الرحمان جیل منتقل

اپریل 25, 2026

جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد، صحافی فخر الرحمان جیل منتقل

پاکستان میں پیکا ایکٹ کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے صحافی فخر الرحمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ان کا نام بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے اس مقدمے میں شامل تھا جو مبینہ طور پر ’ریاستی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز مواد پھیلانے‘ کے الزام میں بعض صحافیوں، بلاگرز اور سیاسی کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

سنیچر کو انہیں جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں فخر الرحمان نے جھوٹی انفارمیشن پھیلانے سے انکار کیا جبکہ وکیل صفائی نے کیس خارج کرنے کی استدعا کی۔

دوسری جانب این سی سی آئی اے نے جسمانی ریمانڈ کے لیے استدعا کی تاہم عدالت نے ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کی جانب سے کی گئی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یاسر محمود نے گرفتار صحافی فخر الرحمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔

اس کے بعد صحافی کے وکیل بیرسٹر احد کھوکھر نے فخر الرحمان کی درخواست ضمانت دائر کر دی جو پیر کے دن سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

صحافی فخر الرحمان کے اہلخانہ کے مطابق اُن کو جمعے کی سہ پہر گرفتار کیا گیا تھا-

این سی سی آئی اے کی جانب سے اس حوالے سے دوسرے نوٹس کی ایک نقل فراہم کی گئی ہے جس میں‌ فخر الرحمان کو 16 اپریل کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا-

یہ نوٹس فخر الرحمان کے گھر کے پتے کورنگ ٹاؤن میں 14 اپریل کو بھیجا گیا تھا-

اس مبہم نوٹس میں‌ اُن کے خلاف کسی مقدمے کی تفصیل نہیں بتائی گئی اور یہ لکھا گیا ہے کہ اس سے پہلے بھی ایک نوٹس بھیجا گیا تھا-

دوسرے نوٹس میں‌ کہا گیا ہے کہ آپ کے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ سے جھوٹی، گمراہ کن اور اکسانے والا مواد پھیلایا جا رہا ہے-

اس نوٹس میں‌ مدعی ریاست کو بتایا گیا ہے کہ نوٹس پر سب انسپکٹر محمد وسیم خان کے دستخط ہیں-

نوٹس میں‌ فخر الرحمان کو سائبر کرائم ایجنسی کے دفتر سیکٹر جی 13 میں 16 مارچ کو دن 12 بجے طلب کیا گیا تھا-

فخر الرحمان طویل عرصے سے آج نیوز سے وابستہ رہے جبکہ وہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے لیے بھی عرصہ دراز سے خدمات انجام دے رہے ہیں-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے