وفد کو پاکستان جانے سے روک دیا، اگر ایرانی مذاکرات کرنا چاہیں تو ہمیں فون کر لیں: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے والے اپنے وفد کو روک دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام میں انھوں نے لکھا: ’میں نے ایرانیوں سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے والے اپنے نمائندوں کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ سفر میں بہت زیادہ وقت ضائع ہو جاتا ہے اور کام بہت ہے!‘
ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کی قیادت میں بھی شدید باہمی اختلاف اور ابہام پایا جاتا ہے، ’کسی کو نہیں معلوم کہ اصل میں ذمہ داری کس کے پاس ہے۔‘
ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا: ’تمام پتے ہمارے پاس ہیں۔ اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو بس ہمیں فون کرنا ہو گا۔‘
قبل ازیں نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’تمام پتے ہمارے پاس ہیں، وہ جب چاہیں ہمیں فون کر سکتے ہیں، لیکن اب ایسا نہیں ہو گا کہ آپ زبانی جمع خرچ کے لیے 18 گھنٹے کی پرواز کریں۔‘
فاکس نیوز کے مطابق امریکی صدر نے اس کے وائٹ ہاؤس کے نامہ نگار کو بتایا: ’کچھ دیر پہلے میرے لوگ روانگی کی تیاری کر رہے تھے جب میں نے ان سے کہا کہ نہیں! آپ وہاں کے لیے 18 گھنٹے کی پرواز نہیں لیں گے۔‘

