عالمی خبریں

سعودی عرب کا 15 سال سے کم عمر عازمین حج پر پابندی سے متعلق فیصلہ

مئی 2, 2026

سعودی عرب کا 15 سال سے کم عمر عازمین حج پر پابندی سے متعلق فیصلہ

پاکستان میں مذہبی اُمور کی وزارت نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے 15 سال سے کم عمر عازمین حج پر پابندی سے متعلق فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

سنیچر کو جاری کیے گئے بیان میں وزارت کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان حج مشن نے نئی سعودی ہدایات پر مبنی خط جاری کر دیا ہے۔

نئے خط کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے عازمین حج بھی سعودی عرب روانہ ہو سکیں گے اور اس حوالے سے پرانی پالیسی برقرار ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت مذہبی اُمور کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سرکلر کی وجہ سے عازمین میں بے چینی پھیل گئی تھی جس میں سعودی حکام کی ہدایت پر 15 سال سے کم عمر عازمین کو سفر سے روکنے کا کہا گیا تھا۔

سنیچر کو ڈائریکٹر حج محمد اسلم عارف راؤ کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل آف حج اور پاکستان کے ڈی جی حج کے درمیان جمعے اور سنیچر کی شب ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں سعودی حکام نے اس فیصلے سے متعلق آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر حج کے مطابق سعودی حکام نے کہا تھا کہ تین مئی سے 27 مئی کے دوران دُنیا کے کسی بھی ملک سے عازمین کو لانے والی حج پروازوں میں 15 سال سے کم عمر عازمین کو سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔ تاہم اب حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

وزارت حج کی جانب سے جاری کیے گئے نئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ 15 سال سے کم عمر عازمین حج جن کے ویزے پہلے فیصلے کی وجہ سے منسوخ ہو گئے تھے اب دوبارہ آن لائن پراسیس کیے جا رہے ہیں۔

وزارت مذہبی اُمور کے ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے حج آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا جس پر وزارت مذہبی اُمور کے حکام نے سنیچر کو اجلاس کیا اور سعودی حکام سے اس معاملے پر رابطہ کیا۔

وزارت مذہبی اُمور کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے پہلے یہ فیصلہ حج کے ایام کے دوران شدید گرم موسم کے تناظر میں لیا گیا تھا۔ تاہم اب اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے