’جنگ کے خاتمے‘ کے لیے ایران کی 14 نکاتی تجاویز کیا ہیں؟
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت کے لیے ایران نے پاکستان کی ثالثی کے ذریعے واشنگٹن کی 9 نکاتی تجاویز کے جواب میں اپنا مؤقف ٹرمپ انتظامیہ کو پہنچا دیا ہے-
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق تہران نے اپنی تجاویز میں بنیادی زور ’جنگ کے خاتمے‘ کے نکتے پر دیا ہے۔
ایران کی جانب سے امریکہ تک پہنچائی جانے والی تجاویز کے حوالے سے بعض تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی جنگ کے حوالے سے 9 نکات پر مشتمل تجاویز کے جواب میں ایران نے 14 نکاتی تجاویز بھیجی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ’امریکہ نے اپنے تجویز میں دو ماہ کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ایران نے واضح کیا کہ تمام معاملات 30 دن کے اندر حل ہونے چاہییں اور توجہ جنگ بندی میں توسیع کے بجائے ’جنگ کے خاتمے‘ پر مرکوز ہونی چاہیے۔
ایران کی جانب سے واشنگٹن پہنچائی جانے والی 14 نکاتی تجاویز میں دوبارہ حملے نہ کرنے کی ضمانت، ایران کے گرد و نواح سے امریکی افواج کا انخلا، بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی، جنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ہرجانے کی ادائیگی، ایران پر ہر قسم کی پابندیوں کا خاتمہ، لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا اختتام اور آبنائے ہرمز کے لیے ایک نیا طریقۂ کار بنانے کے نکات شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران ان تجاویز پر امریکہ کے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ’وہ ایران کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کا جلد جائزہ لیں گے،‘ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اسے قابلِ قبول نہیں سمجھتے۔‘

