اہم

آبنائے ہرمز میں امریکی کارروائی رُکنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی

مئی 6, 2026

آبنائے ہرمز میں امریکی کارروائی رُکنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی

ایران کے خلاف حالیہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیجنگ کا دورہ کیا ہے۔

دوسری جانب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی جانب پیشرفت اور آبنائے ہرمز سے جہازوں کو نکالنے کی امریکی کارروائی رُکنے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 1.7 فیصد کم ہو کر 108 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکہ میں فروخت ہونے والا تیل 1.6 فیصد کمی سے 100.60 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے تجارتی جہازوں کو نکالنے کے لیے شروع کی گئی کارروائی معطل کر دی ہے۔

’پراجیکٹ فریڈم‘ نامی اس کارروائی کا اعلان امریکی صدر نے اتوار کو کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ خلیج میں پھنسے جہاز رانوں کی مدد کے لیے ’انسانی ہمدردی‘ کے تحت اٹھایا جانے والا قدم ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا تھا کہ یہ علاقائی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے ’انتہائی ضروری‘ ہے۔

ایران نے جواب میں کہا کہ اگر امریکی افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہوئیں تو وہ انھیں نشانہ بنائے گا، جبکہ بعد ازاں ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایک امریکی جنگی جہاز کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

سینٹکام نے اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ امریکی بحریہ کی مدد سے امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر گئے ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج نے ایران کی سات ’چھوٹی کشتیوں‘ کو نشانہ بنایا ہے جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ تجارتی جہازوں پر حملے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اس دعوے کی تردید ایران نے کی۔ بعد ازاں امریکی صدر نے فاکس نیوز کو بتایا کہ اگر ایران نے امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے ’صفحۂ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔‘

منگل کے روز ایران کے مرکزی مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

اسی روز بعد میں امریکی صدر نے اعلان کیا کہ یہ کارروائی ’قلیل وقت کے لیے‘ معطل کر دی جائے گی اور کہا کہ یہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی جانب ہونے والی ’بڑی پیش رفت‘ اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق خلیج میں 1550 تجارتی جہازوں پر تقریباً 22 ہزار 500 جہاز ران پھنسے ہوئے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے