لکی مروت: سرائے نورنگ میں دھماکے سے 8 اموات، 10 شدید زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دھماکے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ دس شدید زخمی ہوئے ہیں-
پولیس حکام اور عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ تحصیل سرائے نورنگ میں بنوں ضلع کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ریلوے پھاٹک کے قریب ہوا-
مقامی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا-
سرائے نورنگ میں ریسکیو 1122 کے انچارج دلنواز خان نے مقامی ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آٹھ لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ دس شدید زخمی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے بنوں ضلع کے ہسپتال منتقل کیا گیا-
اُن کا کہنا تھا کہ وہ زخمی جن کی حالت خطرے سے باہر ہے اُن کا علاج مقامی ہسپتال میں کیا جا رہا ہے-
ضلعی پولیس افسر نذیر خان کے مطابق اس دھماکے میں نو افراد کی جانیں گئی ہیں جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ خود کش دھماکہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید حقائق تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
ہلاک ہونے والے افراد میں دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس اہلکاروں کے مطابق یہ دھماکہ نورنگ کے مصروف ترین بازار میں پھاٹک چوک پر ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارود ایک لوڈر رکشہ میں رکھا گیا تھا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔
اس مقام پر صبح کے وقت زیادہ رش کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال کے علاوہ بنوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال اور خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منقتل کیا گیا ہے۔
ایک دن قبل لکی مروت کے ساتھ جڑے ضلع بنوں میں بھی پولیس چوکی پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 15 اہلکاروں کی اموات ہوئی تھیں-