ضلع نوشہرہ میں معمولی تنازعے پر فائرنگ، چار بھائیوں سمیت 7 ہلاکتیں
خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں معمولی تنازعے پر فائرنگ سے چار بھائیوں سمیت 7 ہلاکتیں ہوئی ہیں-
پولیس حکام کے مطابق ضلع کے دیہی علاقے موضع میاں عیسیٰ میں دو پڑوسیوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا-
ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ باڑ لگانے کے معاملے پر ایک پڑوسی نے دوسرے کے گھر پر فائرنگ کر دی جس میں چار بھائی موقع پر ہی مارے گئے-
انہوں نے بتایا کہ مارے جانے والے افراد کے رشتہ داروں نے کچھ دیر بعد ملزمان پر فائرنگ کی جس میں ایک شخص اور اس کے دو بیٹے مارے گئے-
مارے جانے والے چار بھائیوں کے ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ ان میں سے تین شادی شدہ تھے جبکہ ان کے گھر میں اب کوئی مرد باقی نہیں بچا-
مقامی افراد نے واقعے کے بعد لاشیں اٹھا کر جہانگیرہ چوک میں احتجاج کیا اور کچھ دیر کے لیے صوابی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کیا- پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد سڑک کھلوائی-

