اسرائیلی وزیراعظم کا ابوظبی کے دورے کا دعویٰ، امارات کی تردید
متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو کے آفس کے دفتر کے اِس دعوے کو مسترد کیا ہے کہ ایران جنگ کے دوران انھوں (نیتن یاہو) نے امارات کا خفیہ دورہ کیا تھا۔
اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران نیتن یاہو کے یو اے ای کے دورے سے متعلق رپورٹس درست نہیں ہیں۔‘
متحدہ عرب امارات کی تردید سے قبل اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے سوشل میڈیا پر جاری کیے بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انھوں (نیتن یاہو) نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران خفیہ طور پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور وہاں کے صدر سے ملاقات کی۔
نیتن یاہو کے آفس سے جاری کردہ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کے درمیان ہونے والی اس ملاقات سے ایک ’تاریخی پیش رفت‘ حاصل ہوئی ہے۔
تاہم سوشل میڈیا سائٹ ایکس کے آفیشل ہینڈل سے یہ بیان جاری ہونے کے کچھ ہی دیر بعد متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے انھیں ‘بالکل بے بنیاد’ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک (اسرائیل، متحدہ عرب امارات) کے درمیان تعلقات کسی ’غیر سرکاری یا غیر شفاف انتظامات‘ پر مبنی نہیں ہیں۔

