کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب دھماکے سے ٹرین اور درجنوں گاڑیاں تباہ، متعدد ہلاک
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب دھماکے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی ٹرین کی بوگیاں اور قریب موجود درجنوں گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں-
ٹرین کی بوگیاں اُلٹنے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں-
جائے حادثہ پر فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موجود ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال اس دھماکے کی نوعیت یا ہلاکتوں کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم ریلوے لائن کے اطراف کھڑی متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر حالت میں ہیں۔
دھماکے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں ریلوے لائن کے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ ٹریک پر ٹرین کی بوگیاں اُلٹی ہوئی ہیں۔
اتوار کی صبح ہونے والے اس دھماکے کے حوالے سے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کا کہنا ہے واقعے کی تفصیلات آ رہی ہیں-
جائے وقوعہ سے عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی نظر آ رہی ہے-
دھماکے کے باعث کوئٹہ شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔