پاکستان

قربانی کے جانور کے بدلے جعلی نوٹوں کا نشانہ بننے والے شہری کو سات لاکھ کی امداد

جون 3, 2026

قربانی کے جانور کے بدلے جعلی نوٹوں کا نشانہ بننے والے شہری کو سات لاکھ کی امداد

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں‌ عید کے موقع پر ایک شہری سے بکرا خرید کر جعلی نوٹ دینے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اُن کو امداد میں‌ اب تک ساڑھے سات لاکھ روپے سے زئاد کی رقم مل چکی ہے-

ضلع چارسدہ کے شہری عبدالہادی عید کے دنوں میں تحصیل شبقدر کے بازار میں قربانی کے جانور فروخت کر رہے تھے جب ان کو ایک بکرے کے عوض کسی نے 55 ہزار روپے کے جعلی نوٹ تھما دیے۔

متاثرہ بیوپاری جب وہ رقم لے کر قریبی دکاندار کے پاس گئے تو مشین میں چیک کرنے پر تمام نوٹ جعلی نکلے۔

مقامی دکاندار نے جعلی نوٹوں اور متاثرہ شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی-
متاثرہ شہری نے کہا تھا کہ ان کی بیٹی کی شادی نزدیک ہے اور وہ اسی مقصد کے لیےاپنے مویشی فروخت کر رہے تھے، تاہم کسی نے انھیں جعلی نوٹ تھما دیے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف افراد نے عبدالہادی کی مالی مدد کی- اُن کے لیے امداد اکھٹی کرنے والوں‌ اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اب تک عبدالہادی کو ساڑھے سات لاکھ روپے دیے جا چکے ہیں-

ہر سال کی طرح رواں‌ سال بھی عید پر قربانی کے جانور فروخت کرنے والوں‌ کو مختلف شہروں‌ میں‌ جعلی نوٹوں‌ کے ذریعے فراڈ کا نشانہ بنایا گیا تھا-

لاہور میں‌ ایک ایسے ہی واقعے میں‌ ملوث افراد کو پولیس نے حافظ آباد سے گرفتار کیا جنہوں‌ نے ایک بزرگ شہری سے دو لاکھ روپے کے بکرے خرید کر اُن کو جعلی نوٹ دیے تھے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے