اہم خبریں

ایران کے حالیہ حملے ’بڑی بات نہیں‘، صدر ٹرمپ معاہدے کے لیے پُرامید

جون 4, 2026

ایران کے حالیہ حملے ’بڑی بات نہیں‘، صدر ٹرمپ معاہدے کے لیے پُرامید

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات بہت اچھے جا رہے ہیں اور ممکن ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک معاہدہ ہو جائے۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کویت اور بحرین پر ایران کے حالیہ حملوں کو امریکہ کی جانب سے کی گئی سخت فوجی کارروائیوں کے ردعمل کے طور پر دیکھا جائے۔

امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ کیا کویت پر ایران کے حالیہ حملوں کے بعد بھی جنگ بندی برقرار ہے؟ ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب کہ ’ہر چیز کی ایک وجہ ہوتی ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جس روز ایران نے کویت پر حملے کیے، اس سے پہلے کی رات امریکی فوج نے ایران کو ’بہت شدت سے نشانہ بنایا۔‘

گذشتہ روز ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کی تازہ لہر دیکھنے میں آئی تھی، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے تھے اور دنوں جانب سے انھیں ’اپنے دفاع میں کیے گئے‘ حملے قرار دیا گیا تھا۔

ایران نے کہا تھا کہ اس نے خطے میں امریکہ کے اتحادی ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

جبکہ امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے ایران کے قشم جزیرے پر ایک فوجی گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم ایرانیوں پر بہت شدید حملے کر رہے ہیں، اس لیے کچھ چیزیں کسی وجہ سے ہی ہو رہی ہوتی ہیں۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاس ’دنیا کی بہترین فوج‘ ہے جس کی مدد سے ایران کے اقدامات پر قابو پا لیا گیا، تو یہ حالیہ حملے ’کوئی بڑی بات نہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’کچھ لوگ کہیں گے کہ انھیں (ایرانیوں کو) کسی حد تک اشتعال دلایا گیا تھا‘ اس لحاظ سے کہا جا سکتا ہے کہ ’وہ اس کا جواب دے رہے تھے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے مذاکرات بہت اچھے جا رہے ہیں۔

ایران سے ممکنہ معاہدے پر ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی ہو سکتا، لیکن اگر ہوا تو ممکن ہے ہفتے کے آخر تک ہو جائے۔‘

جنگ بندی سے متعلق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’یہ دنیا کا مختلف خطہ ہے، اس خطے میں سیز فائر کا مطلب ہوتا ہے کہ فائرنگ نسبتاً کم شدت سے ہو رہی ہے۔‘
اس خطے میں جنگ بندی ’دنیا کے دیگر حصوں کی جنگ بندی سے کافی مختلف ہوتی ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے