جنگ بندی کے باجود حملے جاری، لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا فوجی ہلاک
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان میں اپنی زمینی کارروائیاں جاری رکھے گا اور جنوبی لبنان سے انخلا کرنے والے رہائشی ابھی اپنے گھروں کو واپس نہ جائیں۔
جمعرات کو ایک بیان میں اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے سیکیورٹی بفر زون میں موجود رہے گی، بشمول بیفورٹ کیسل کا علاقہ، جو 900 سال پرانا قلعہ ہے جس پر اسرائیل نے سنیچر کو قبضہ کیا تھا۔
اسرائیل کاٹز کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بدھ کو اسرائیل اور لبنان نے امریکہ کی حمایت کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک میں جنگ بندی کا یہ معاہدہ دیگر شرائط کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کی جانب سے حملوں کے ‘مکمل خاتمے’ سے مشروط ہے۔
ادھر جنوبی لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
جنوب مشرقی لبنان میں اقوام متحدہ کے ایک دفتر پر مارٹر گولے لگنے سے سربیا کا اقوام متحدہ کا امن فوجی ہلاک ہو گیا۔
بدھ کو ہونے والے حملے میں دو دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
امن مشن نے یہ نہیں بتایا ہے کہ آیا اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل یا حزب اللہ تھی، تاہم اس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

