اہم خبریں

تین نامزد ملزمان ’اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ‘ سے ہلاک: سی سی ڈی

جون 8, 2026

تین نامزد ملزمان ’اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ‘ سے ہلاک: سی سی ڈی

صوبہ پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رُکن صوبائی اسمبلی کرنل (ریٹائرڈ) ایوب خان گادھی پر قاتلانہ حملہ میں نامزد تین ملزمان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں یہ افراد مارے گئے۔

سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں سہیل افضل گادھی، عمران گادھی اور وہاڑی سے تعلق رکھنے والا غلام شبیر شامل ہیں۔

سی سی ڈی کے مطابق واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا جسے طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کے چار ساتھی اس دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، جن کی گرفتاری کےلیے سرچ آپریشن اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب میں سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی مشتبہ حالات میں ’اپنے ہی ساتھیوں‘ کے ہاتھوں ہلاکت کی خبریں آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں۔

پاکستان کے کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کی جانب سے جاری کی گئی ایک فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے مبینہ مقابلوں کی ایک دانستہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے جو بہت سے معاملات میں ماورائے عدالت ہلاکتوں پر منتج ہوتی ہے جو صوبے میں قانون کی حکمرانی اور آئینی تحفظات کو بنیادی طور پر کمزور کرتی ہے۔

ایچ آر سی پی نے 2025 کے ابتدائی آٹھ ماہ کے عرصے میں کم از کم 670 سی سی ڈی مقابلوں کو دستاویزی شکل دی تھی، ان مبینہ مقابلوں میں سنگین جرائم میں ملوث 924 ملزم ہلاک ہوئے جبکہ اسی مدت میں صرف دو پولیس اہلکار مارے گئے۔

ایچ آر سی پی کے مطابق ہلاکتوں کا یہ شدید عدم توازن یعنی اوسطاً روزانہ دو سے زیادہ جان لیوا مقابلے اور مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے انداز میں یکسانیت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ انفرادی بے ضابطگی کے واقعات نہیں بلکہ ایک محکمہ جاتی طرزِ عمل ہے۔

گذشتہ ماہ 10 مئی کو ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک 184 گ ب میں مسلح حملہ آوروں نے رُکن صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ ایوب گادھی کے ڈیرے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں ان کے وہاں موجود چار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایم پی اے ایوب گادھی سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے