ایران کو 30 کروڑ ڈالر دیے جانے کی خبر ’فیک نیوز‘ ہے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی جانب سے ایران کو 30 کروڑ ڈالر دیے جانے کی اطلاعات کی تردید کر دی۔
اپنے سوشل میڈیا پلٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کو 30 کروڑ ڈالر کی خبر غلط (فیک نیوز) ہے۔ انھوں نے الزام لگایا یہ خبر ڈیموکریٹس پھیلا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ بنانے پر راضی ہو گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط پر عمل کرے تو اسے 300 ارب ڈالر کے تعمیرِ نو فنڈ تک ’رسائی حاصل ہو سکتی ہے‘، تاہم ان کے مطابق یہ فنڈ خلیجی ممالک کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔
سی بی ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وینس نے کہا تھا کہ ’یہ ایک ایسی چیز ہے جس تک انھیں (ایرانیوں کو) رسائی مل سکتی ہے، جو خلیجی ممالک کے اتحاد کی جانب سے فراہم کی جائے گی، بشرطیکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔‘
ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ گذشتہ روز امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے پر ’سب دستخط ہو چکے ہیں۔‘
اس سے قبل امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ اس مفاہمت نامے پر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس، اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے الیکٹرانک طور پر دستخط کیے ہیں۔
جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان معہادے پر دستخط کی ایک باقاعدہ تقریب منعقد ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔