اہم خبریں

چکوال میں‌ کم عمر ہانیہ کے قتل پر آسٹریلوی وزیراعظم کا مطالبہ اور سی سی ڈی کے سربراہ کا دعویٰ

جون 16, 2026

چکوال میں‌ کم عمر ہانیہ کے قتل پر آسٹریلوی وزیراعظم کا مطالبہ اور سی سی ڈی کے سربراہ کا دعویٰ

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کم عمر آسٹریلوی لڑکی ہانیہ احمد کے قتل کی تحقیقات کرے جبکہ پنجاب حکومت کے بنائے گئے محکمے انسداد جرائم (سی سی ڈی) کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ جعلی مقابلوں‌ کے الزامات غلط ہیں-

کم عمر ہانیہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے اپنے خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے پاکستان آئی تھیں جہاں‌ ایک واقعے کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنیں۔

نو سالہ ہانیہ احمد اور ان کا خاندان 10 جون کو پنجاب کے شمالی شہر چکوال میں اپنی کرائے پر لی گئی گاڑی میں موجود تھا جب مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر اُن سے سامان اور نقدی چھینی۔

محکمہ انسداد جرائم کے مطابق ملزمان نے ایک پولیس اہلکار پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ہے-

محکمے کے مطابق ایک اہلکار نے یہ سمجھتے ہوئے کہ ملزمان خاندان کی گاڑی میں فرار ہو رہے ہیں، ’غلطی سے‘ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نو سالہ بچی ہلاک اور اس کے والد اور بڑے بھائی زخمی ہو گئے۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پہلے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم لڑکی کے والد نے ایس بی ایس اُردو کو بتایا کہ فائرنگ پہلے سی سی ڈی کے اہلکار نے کی۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ان حالات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اسے شفاف طریقے سے جانچا جانا چاہیے تاکہ ہر کوئی حقیقت جان سکے، خاص طور پر خاندان، لیکن دیگر افراد بھی۔‘

انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا توقع کرتا ہے کہ مکمل تحقیقات ہوں جو شفافیت سے کی جائیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم کے بیان کے بعد سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چھٹہ متاثرہ خاندان کے گھر گئے تاہم وہاں‌ اُن کی گفتگو اور انداز سوشل میڈیا پر زیرِبحث ہے-

سہیل چٹھہ کے تھری پیس سوٹ، متاثرہ خاندان کے ساتھ بیٹھنے کے انداز اور ان کے اس دعوے کہ سی سی ڈی قانون کے مطابق کام کرتی ہے اور 900 جعلی مقابلوں کے الزامات غلط ہیں، کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے-

پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کی ایک ماہ قبل جاری کی جانے والی رپورٹ میں سی سی ڈی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں-

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق بظاہر ہانیہ احمد کے قتل میں‌ سی سی ڈی کے اہلکار نے وہی کیا جو اس محکمے سے توقع کی جاتی ہے کہ ہر واقعے میں‌ فائرنگ کر کے قتل کیا جاتا ہے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے