اہم

پاکستان میں پیٹرول 74، ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا

جون 19, 2026

پاکستان میں پیٹرول 74، ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔

وزیراعظم کے مطابق خطے میں کشیدگی کے خاتمے، معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت اس کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور حکومت ان کے تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے ذریعے حاصل ہونے والی 129 ارب روپے کی بچت استعمال کرتے ہوئے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، نہ ایندھن کی قلت ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انھوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے معیشت کو مستحکم رکھا گیا اور عالمی مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جتنی کمی آئے گی، وہ مکمل طور پر عوام کو منتقل کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے، مہنگائی میں مزید کمی لانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

انھوں نے بتایا کہ بحران کے دوران حکومتی سطح پر کفایت شعاری اپنائی گئی جبکہ کم آمدنی والے طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے