اہم خبریں

عالمی فٹ بال فٹ بال کا "گوٹ، میسی یا رونالڈو؟

جون 20, 2026

عالمی فٹ بال فٹ بال کا "گوٹ، میسی یا رونالڈو؟

ذوالفقار علی زلفی

عظیم ترین فٹ بال کھلاڑی کون ہیں؟ ـ یہ سوال دہائیوں سے حتمی جواب کا منتظر ہے اور شاید ابد تک ریے گا ـ 80 اور 90 کی دہائیوں میں بحث کا موضوع پیلے اور میراڈونا تھے جب کہ آج رونالڈو اور میسی ہیں ـ یہ مسئلہ نہ کل حل ہوا ، نہ آج ہوگا اور نہ ہی آنے والے کل میں اس کا کوئی امکان ہے ـ

ہر کسی کے پاس عظیم ترین کا اپنا ایک معیار ہے ـ معیار اور جواب باہم ملے ہوئے ہیں ـ آئیے ذرا معیار بدل کر دیکھتے ہیں ـ

پیلے کو عظیم ترین سمجھنے والوں کے مطابق انہوں نے تین ورلڈکپ جیتے ، ایسا آج تک کوئی نہیں کرسکا ـ وہ نیچرل فٹ بالر تھے، ان کا کھیل خوب صورت اور تخلیقی تھا ـ یہاں معیار ورلڈکپ جیتنا ہے ـ اگر بات زیادہ سے زیادہ ورلڈکپ جیتنے کی ہے تو پیلے کی ہم سری کوئی نہیں کرسکتا ـ وہ عظیم ترین ہیں ـ

میراڈونا کے حامیوں کا معیار مختلف ہے ـ ان کے مطابق میراڈونا بھی پیلے کی طرح ایک نیچرل کھلاڑی تھے مگر وہ ان سے اس لیے آگے ہیں کہ انہوں نے یورپی کلبوں میں سخت مقابلے کئے اور اپنی انفرادیت منوائی ـ پیلے زندگی بھر برازیل میں ہی کھیلتے رہے ـ پیلے نے تین ورلڈکپ جیتے ، اس جیت میں ان کا کردار اہم مگر یہ ان کا انفرادی کارنامہ نہ تھا ـ دوسری جانب میراڈونا نے انفرادی کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا کو ورلڈچمپئن بنایا ـ یہاں معیار انفرادی کارکردگی اور یورپی کلبوں میں خود کو ثابت کرنا ہے ـ

پیلے کے حامی البتہ کاؤنٹر دلیل لاتے ہیں ، ان کے مطابق اگر ورلڈکپ میں انفرادیت اہم ہے پھر تو اٹلی کے روبرٹو باجیو کو بھی عظیم ترین کا عہدہ ملنا چاہیے انہوں نے بھی اپنی انفرادی مہارت کو بروئے کار لا کر اٹلی کو ورلڈچمپئن بنایا ـ میراڈونا کے حامی اس دلیل کو تسلیم نہیں کرتے، وہ اصرار کرتے ہیں کہ باجیو کی انفرادیت اس سطح کی نہیں تھی جس سطح پر میراڈونا تھے ـ پیلے کے حامیوں کی دوسری کاؤنٹر دلیل یہ ہے کہ جس دور میں پیلے برازیلی لیگ میں کھیلتے تھے اس دور میں برازیلی فٹ بال لیگ کا معیار عالمی سطح کا تھا سو میراڈونا کی یہ برتری اہمیت نہیں رکھتی کہ وہ یورپی لیگ میں کھیلتے تھے ـ

دورِ حاضر کا فٹ بال زیادہ فزیکل اور ٹیکٹیکل ہوگیا ہے ـ سو معیار بھی بدل چکا ہے ـ ٹوٹل فٹ بال نے ماضی کی نسبت کھیل کو خاصا بدل دیا ہے ـ

میسی کے فینز کا ماننا ہے کہ ان کی پاسنگ، اسکورنگ اور ڈربلنگ انہیں مکمل کھلاڑی بناتی ہے یعنی وہ صرف ایک اسٹرائیکر نہیں بلکہ فل پیکج ہیں جو میراڈونا نہیں تھے ـ وہ کم از کم 15 سالوں سے مستقل طور پر دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں موجود ہیں ـ ان کے دور میں بارسلونا کو دنیا کے پرقوت کلب کے نام سے پکارا جاتا تھا ـ یہاں معیار مکمل کھلاڑی ہے ـ

رونالڈو فینز کا دعوی بھی میسی کی طرح ملتا جلتا ہے ـ وہ رونالڈو کو ایک مکمل کھلاڑی سمجھتے ہیں مگر ان کے نزدیک رونالڈو میسی سے اس لیے آگے ہیں کہ انہوں نے یورپ کے تین اہم لیگوں میں نہ صرف کھیلا بلکہ ہر لیگ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز پایا ـ ان کے مطابق یہ صرف تین لیگز نہیں بلکہ مختلف ماحول ، کوچنگ اور مختلف النوع ثقافتیں تھیں جہاں رونالڈو یکتا بن کر ابھرے ـ اس کے ساتھ ساتھ رونالڈو ایک گول مشین ہیں جس کا میسی سے موازنہ ہی نہیں بنتا ـ یہاں البتہ معیار تین مختلف لیگز ہیں ـ

میسی کے حامی کاؤنٹر دلیل لاتے ہیں کہ اسپینش لیگ خود ایک اہم لیگ ہے جس میں میسی نے خود کو منوایا لہذا اطالوی اور انگلش لیگز میں انہیں خود کو منوانے کی ضرورت ہی نہیں ہے ـ اس کے ساتھ ساتھ ان کی دوسری دلیل یہ ہے کہ میسی نے ارجنٹینا کو ورلڈچمپئن بنایا رونالڈو تاحال پرتگال کو ورلڈچمپئن نہیں بنا سکے ـ یہاں معیار پھر ورلڈکپ بن جاتا ہے ـ

اس بحث کو جتنا بھی طول دیا جائے "گوٹ” کا حتمی فیصلہ ناممکن ہے ـ یہ ایک ذاتی فیصلہ ہے جس کا اپنا معیار ہے ـ معیار اور بندہ بدلنے سے جواب بھی بدل جاتا ہے ـ

پیلے اور میراڈونا کے زمانے میں سوشل میڈیا نہ تھا اس لیے بحث محدود تھی مگر آج ہر فٹ بال شائق اس بحث کا حصہ ہے ـ غالبا اسی لیے شور بھی زیادہ ہے ـ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے