ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کی سزا کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج، فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سریاب کے علاقے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور مرکزی رہنما صبغت اللہ کو عدالت سے دی جانے والی سزا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
ادھر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی سزا کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت سے بی وائی سی کے رہنمائوں کو گوادر میں 2024 میں راجی مچی کے موقع پر ایف سی کے ایک اہلکار کی ہلاکت کے حوالے سے دی جانے والی سزا کے خلاف سریاب میں برما ہوٹل کے علاقے میں احتجاج کی کال دی گئی تھی۔
تاہم برما ہوٹل کے علاقے میں پولیس کی بہت بڑی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جس نے وہاں مظاہرین کو جمع نہ ہونے دیا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر کے وکلا کی ٹیم کے رکن خالد خان بلوچ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ برما ہوٹل کے علاقے سے ایک خاتون کے علاوہ سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
بعد میں بی وائی سی کے مطابق بشیر چوک اور سریاب کسٹمز کے علاقے سمیت تین مقامات پر لوگ جمع ہوئے اور وہاں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بشیر چوک پر مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلائے اور بی وائی سی کے رہنماؤں کی رہائی کے لیے نعرے بازی کی۔

