بحری بیڑے پر لینڈنگ کے وقت امریکی ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گرنے سے ایک فوجی لاپتہ، تین زخمی
امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ بحیرہ عرب میں ایک ’ایم ایچ 60 ایس‘ سی ہاک ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد ایک اہلکار لاپتہ جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔
امریکی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات اور اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی بھی جانب سے ہیلا کاپٹر کو نشانہ بنائے جانے کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔‘
بحریہ کے مطابق ’علاقے میں موجود نیوی یونٹس لاپتہ عملے کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ ہیلی کاپٹر بحری بیڑے یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش کے ساتھ خطے میں نگرانی کے لیے تعینات تھا۔‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’سمندر میں موجود بیڑے یا بحری جہاز پر ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ انتہائی مشکل ہوتی ہے اور تجربہ کار پائلٹس کے لیے بھی حادثے سے بچنا مشکل ہوتا ہے، کیونکہ زیادہ اونچے مرکزِ ثقل کے باعث اترنے کے بعد ہیلی کاپٹر الٹنے کا خطرہ ہوتا ہے۔‘

