فرانس میں ریکارڈ توڑ گرمی کے دوران اوسط شرح سے دو ہزار زائد اموات ریکارڈ
فرانس میں جون کے آخری ہفتے کے دوران ملک میں اموات کی تعداد میں اوسط شرح سے 2,000 اموات سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اموات ایسی وقت میں ہوئی ہیں جب یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں اموات کی تعداد اس سے پہلے والے ہفتے کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ تھیں۔
فرانس کی وزیرِ صحت سٹیفنی رسٹ نے کہا کہ 45 برس سے زیادہ عمر کے افراد میں اموات میں ’واضح اضافہ‘ دیکھا گیا۔
24 جون کو فرانس میں ملک گیر اوسط درجہ حرارت کے لحاظ سے تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ پیرس میں درجہ حرارت تقریباً 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ ملک کے تقریباً نصف حصے میں شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں یورپ کے مختلف حصوں میں مزید شدید درجہ حرارت متوقع ہے۔
پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس وقت ایزورز سے پرتگال اور سپین کی جانب ہوا کے شدید دباؤ کا ایک وسیع نظام تشکیل پا رہا ہے، اور توقع ہے کہ ہفتے کے آخر تک فرانس اور جنوبی برطانیہ میں درجہ حرارت مزید بڑھ جائے گا۔

