شرجیل اور شاہ رخ جتوئی جیل منتقل
Reading Time: < 1 minuteچیف جسٹس ثاقب نثار نے کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کی، دوران سماعت انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن اور شاہزیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا ہے۔
چیف جسٹس نے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن سے استفسار کیا کہ ڈاکٹر شاہد رسول کہاں ہیں ہم نے انہیں طلب کر رکھا تھا؟ نصرت منگن نے جواب دیا کہ میں غیرمشروط معافی مانگتا ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے غیرمشروط معافی دینا بند کردی ہے اب اس معافی پر پالیسی ترتیب دی جائے گی اور کوئی معافی نہیں ہوگی۔
چیف جسٹس نے آئی جی جیل خانہ جات سے اسفتسار کیا کہ شرجیل میمن کب سے اور کیوں اسپتال میں ہیں؟ نصرت منگن نے مؤقف پیش کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت مسترد کرکے 24 اکتوبر 2017 کو جیل بھیجا تھا، تاہم نیب کورٹ نے شرجیل میمن کو بیماری کے باعث میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت کی اور پھر ڈاکٹرز کی سفارش پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات کو حکم دیا کہ شرجیل میمن کو آج ہی جیل منتقل کیا جائے بلکہ جتنے بھی ملزمان اسپتال میں رکھے گئے ہیں انہیں 4 سے 5 روز میں واپس جیل بھیجا جائے اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی