لیگی قائد کو جیل میں ڈالنے کی تیاریاں
وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو سیاست سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ وہ کسی کے اشارے پر نہیں چلتے اب انہیں جیل میں ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر مقدمات بناکر عوام کے دلوں سے ان کی محبت نہیں نکالی جاسکتی، عوام فیصلے کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم جب بھی اقتدار میں آئے تعمیر و ترقی کا طوفان آتا ہے، وہ پاکستان میں موٹرویز، موبائل فون اور ترقی لے کرآئے، میٹرو لاہور میں ہی نہیں اب راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد میں بھی بن رہی ہے، تعمیر و ترقی میں پنجاب سب سے آگے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا کبھی عمران خان، اور کبھی ریاستی اداروں میں موجود منفی لوگوں نے رخنہ ڈالا، جو بیورو کریٹ محنت سے کام کرے اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، اور ایٹمی دھماکا کرنے والے وزیراعظم کو بھی جیل میں ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، آج پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا اور دنیا پاکستان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔

