شام: فوجی اڈے پر امریکی حملے
Reading Time: < 1 minuteشام میں ایک فوجی ہوائی اڈے پر امریکا کے میزائل حملے کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے ہیں جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں ۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق میزائل حملہ ہوا ہے تاہم امریکا نے شام کے خلاف کسی بھی قسم کے فضائی حملے کی تردید کی ہے ۔
شامی ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ پیر کو صبح کے وقت حمس شہر میں ٹی 4 ایئر بیس کے قریب دھماکوں کی آواز سنی گئی جس کے بعد شام کا فضائی دفاعی نظام ایکٹیویٹ ہو گیا تھا ۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تیفور ایئر پورٹ کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے تاہم بی بی سی کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کی آزاد ذارئع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام کی مدد سے فوجی اڈے کی جانے مارے جانے والے آٹھ میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔
ٹی 4 ایئر بیس کے بارے میں دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وہاں بڑی تعداد میں روسی فوجیں تعینات ہیں اور یہیں سے باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں پر بمباری کرنے کے لیے مسلسل لڑاکا طیارے پرواز بھرتے ہیں ۔