آئی ایس آئی اور را کی مشترکہ کتاب
Reading Time: 2 minutesایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں تین بار وزیراعظم منتخب ہونے والے شخص کو غدار بنا کر پیش کیا جا رہا ہے پاکستان اور بھارت کے خفیہ اداروں کے سابق سربراہوں نے مل کر کتاب لکھ دی ہے ۔
بھارتی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت اور پاکستان کی آئی ایس آئی کے سابق چیف جنرل اسد درانی نے انڈیا اور پاکستان کی صورتحال کے پس منظر میں مشترکہ طور پر ایک کتاب لکھی ہے جس کا عنوان ‘سپائی کرونکل: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الیوژن آف پیس’ ہے ۔ جاسوسی اداروں کے سابق سربراہوں نے کتاب کا بیشتر حصہ دبئی، استنبول اور کٹھمنڈو میں لکھا ہے ۔ یہ کتاب باضاطہ طور پر جلد ہی سامنے آئے گی اور اس کیلئے جنرل ریٹائرڈ درنی بھارت جائیں گے ۔
اے ایس دولت نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہ ایک مشترکہ کتاب لکھتے ہیں یہی ایک غیر معمولی بات ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امن مشکل ضرور ہے لیکن اسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انڈیا اور پاکستان کے کشیدہ تعلقات کی بحالی کیلئے ’را‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جمود توڑنے کے لیے انڈیا کو پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دلی آنے کی دعوت دینی چاہيے ۔ ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی پر ایک بات چیت کے دوران اے ایس دولت نے کہا کہ امن کیلئے ایسا ضروری ہے ۔
بی بی سی کے مطابق دولت کا کہنا تھا کہ میں بہت پر امید ہوں، وقت بہت بدل چکا ہے ۔ دونوں کوریا ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں۔ کسی نے سوچا تھا کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات ہوگی؟ ہمیں بھی بڑا سوچنا چاہیے ۔ ریڈ کارپٹ بچھائیے۔ جنرل باجوہ کو دلی آنے کی دعوت دیجیے ۔ پھر دیکھے کیا ہوتا ہے ۔