فضل اللہ ہلاکت پر افغان صدر کا فون
Reading Time: < 1 minuteافغان صدر اشرف غنی نے نگران وزیراعظم ناصر الملک کو ٹیلیفون کیا ہے، انہوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مولانا فضل اللہ کی ہلاکت کے حوالے سے آگاہ کیا _
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق افغان صدر نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو ٹیلیفون کیا اور مولانا فضل اللہ کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے افغان صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے، آخرکار پاکستان کی ریاست اور عوام کے دشمنوں کے خلاف ایکشن شروع ہو گیا، یہ خبر پاکستان کے عوام کےلئے ایک بڑا ریلیف ہے، مولانا فضل اللہ آرمی پبلک سکول سمیت کئی دہشت گردوں حملوں میں ملوث تھے ان حملوں میں سینکڑوں معصوم پاکستانی شہید ہوئے، افغان صدر کا ٹیلیفون افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تصدیق ہے، افغان صدر نے سیز فائر کے حوالے سے مثبت پیشرفت سے بھی نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا دونوں رہنماؤں نے عید الفطر پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا_
دریں اثناء فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان کے صدر نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی فون پر فضل اللہ کے مارے جانے سے آگاہ کیا _