جماعت دعوہ کی میڈیا کوریج کا مقدمہ
Reading Time: < 1 minuteجماعت دعوہ کی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی میڈیا کوریج پر پابندی کے مقدمے میں عدالت نے ڈپٹی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ عدالت نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات ذاتی حیثیت میں کل پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ بار بار بلانے کے باوجود وزارت اطلاعات والے کیوں پیش نہیں ہو رہے؟ کیا وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں تب آئیں گے؟یہ کوئی طریقہ نہیں عدالتی حکم کو کس طرح لے رہے ہیں ۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں افسران کو نہیں بلاتا کہ کام کا حرج نہ ہو،اب اگر کوئی اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مارے تو میں کیا کر سکتا ہوں، کہا کہ کیا ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وزات میں نہیں ہے ۔ اطلاعات و نشریات کے نمائندے نے کہا کہ جی ایک ہے لیکن میں ڈی جی کی پوسٹ بھی قائم مقام ہوں، درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی اور سہیل اختر وڑائچ جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود عدالت میں پیش ہوئے، پیمراکی جانب سے تحریری جواب جمع کرا دیا گیا ہے، عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے ۔