لونی قتل پر 24 ممالک میں مظاہرے
پشتون تحفظ مومنٹ کے رہنما ابراہیم ارمان لونی کی موت کے خلاف منگل کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں احتجاج کی کال دی گئی ہے ۔
پی ٹی ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے علاوہ امریکہ کے شہر واشنگٹن اور نیو یارک، جاپان، جرمنی اور سویڈن کے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔
ابراہیم ارمان لونی چند دن قبل بلوچستان کے شہر لورالائی میں پولیس کی جانب سے گرفتاری کی کوشش کے دوران مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
لونی کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی کال پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے دے رکھی ہے جس کے تحت آج دنیا کے 24 ممالک کے 32 شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ منظور پشتین نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ارمان لونی کے قتل کے خلاف منعقد اس احتجاج میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے ۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں اس احتجاج کے لئے دن دو بجے کے بعد کا وقت رکھا گیا ہے ۔

