پاکستان

بدفعلی، ایک بچے نے دوسرے کو قتل کر دیا

مارچ 31, 2019

بدفعلی، ایک بچے نے دوسرے کو قتل کر دیا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سترہ سالہ لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے نویں جماعت کے سولہ برس کے طالب علم کو مبینہ طور پر بدفعلی کی کوشش میں ناکامی پر قتل کر دیا تھا ۔

صحافی یاسر حکیم کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ریس کورس کو سولہ سالہ سید زین کے والد عظمت حسین شاہ نے درخواست میں بتایا کہ اس کا بیٹا ٹیوشن پڑھنے جا رہا تھا جب اس کے ساتھ زبردستی بدفعلی کی کوشش کی گئی ۔

راولپنڈی ڈھوک سیداں کے رہائشی نے بتایا کہ سید زین نویں کلاس کا طالبعلم تھا اور اسے بدفعلی کی کوشش میں انکار پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے ۔

والد کے مطابق سید زین کو ملزم غیور حیدر نے روکا اور اسلحہ کی نوک پر گھر کے اندر لے جا رہا تھا لیکن مزاحمت پر گولی ماری گئی۔

عظمت حسین شاہ نے پولیس کو بتایا کہ مقتول بیٹا نویں کلاس کے امتحانات دے رہا تھا جس کو سینے میں گولی لگی ۔

سید زین کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گیا ۔

کم عمر ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔

ریس کورس پولیس نے مقتول زین کے والد عظمت حسین کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے بعد رات گئے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم سے واردات میں استعمال کیا گیا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔

مقتول زین کے والد کے مطابق ملزم انہی کے محلے میں رہتا ہے اور پہلے بھی اس کے بیٹے کو تنگ کرتا رہتا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے