’پھڈے‘ کے بعد چڑیا پر جرمانہ مگر
پاکستان میں نجی ٹی وی چینلز کے لیے ضابطہ اخلاق کو لاگو کرنے والی الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پروگرام "نجم سیٹھی کے ساتھ” میں وزیراعظم پاکستان سے متعلق ”جھوٹی خبر“ نشرکرنے کی شکایت پر چینل 24اور اینکر کو سات یوم کے اندر معافی نشر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔
پیمرا نے چینل 24 کو سات یوم کے اندر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
پیمرا کے جنرل منیجر میڈیا و پی آر محمد طاہر کے دستخط سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کردہ وزیراعظم عمران خان کی شکایت پر پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد نے اپنے 24اپریل 2019ء کو منعقدہ 59 ویں اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا (پروگرام و اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015ء کی شق 18 کے تحت معافی نشر کرنے کی سفارشات دیں تھیں ۔“
ٹی وی چینل 24 نیوز کے ترجمان نے اس فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان کی شکایت پر پیمرا نے جرمانے اور بندش کا فیصلہ بغیر سنے دیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق 24 نیوز پیمرا کے فیصلے کو چیلنج کرے گا ۔ ’ٹوئینٹی فور نیوز اپنی خبر پر قائم ہے ۔‘
پیمرا کے بیان کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چینل 24کے پروگرام "نجم سیٹھی کے ساتھ” کی نشریات پر 30دن کے لئے پابندی کا اطلاق ہو گا۔
پیمرا کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اگر چینل پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں جزوی یا مجموعی طور پر ناکام رہا تو اتھارٹی چینل کے لائسنس کی معطلی یا منسوخی کیلئے اقدامات کرے گی ۔“
اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے پاکستان اور دنیا بھر میں میڈیا اور آزادی اظہار کے لیے کام کرنے والی تنظمیوں کو اس ”فضول سنسرشپ“ کی مذمت کرنے کے لیے کہا ہے ۔
اپنے ٹویٹ میں نجم سیٹھی نے لکھا ہے کہ ”اس سنسرشپ کی مذمت کی جائے جو ہمیں سنے بغیر اور ہم پر عائد الزام بتانے سے پہلے سزا دے رہی ہے ۔“
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے اواخر میں تجزیہ کار نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں پھڈا پڑ گیا ہے ۔
نجم سیٹھی کے الفاظ تھے کہ ”چڑیا کہتی ہے کہ بنی گالہ میں پھڈا پڑ گیا ہےاور وہاں کام تمام ہونے والا تھا اور پھر کچھ لوگ بیچ میں پڑے تو کام ٹھنڈا کیا۔“
انہوں نے کہا کہ اشارے ہی سمجھ لیں کہ گھر بسانا کتنا مشکل کام ہوتا ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”یہ خبر ریحام خان صاحبہ اور جمائما خان تک پہنچا دیں وہ بڑی خوش ہوں گی۔“
اس پروگرام کے خلاف وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے پیمرا کی شکایات کونسل سے رجوع کیا تھا ۔
تجزیہ کار نجم سیٹھی نے پیمرا کے فیصلے کی جاری کی گئی پریس ریلیز کو ٹویٹ کر کے بھی سوال اٹھایا ہے کہ ’ہمیں یہ بتا دیں کہ عمران خان نے کس بیان کو غلط اور قابل اعتراض کہا ہے۔‘
نجم سیٹھی نے لکھا ہے کہ ان کو اپنے بیان کے دفاع کا موقع ہی نہیں دیا گیا ۔ ’اور اگر آخر کا ر یہ بیان درست نکل آیا تو کیا آپ ہمیں دس لاکھ دیں گے۔‘
میڈیا پروگراموں پر نظر رکھنے والے ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کی صورت میں عمران خان کو اپنے گھر کی باتیں عدالت میں دفاع کے دوران مشکلات کا شکار کر سکتی ہیں ۔

