پیمرا کا نیوز ون کو شوکاز نوٹس
پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے کے سربراہ جاوید اقبال کے مبینہ سیکس سکینڈل کی خبر کی ویڈیو نشر کرنے والے چینل نیوز ون کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چینل نے 23 مئی کی رات 9 بج کر 26 منٹ پر نیب چیئرمین کے خلاف ویڈیو اور آڈیو الزامات کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیا۔
نوٹس کے مطابق چینل نے توہین آمیز خبر یہ کہہ کر چلائی کہ یہ عوامی مفاد میں ہے۔ ”نیوز ون نے بعد ازاں رات 10 بج کر 33 منٹ پر اپنی خبر کی تردید کی اور معافی مانگی۔ چینل انتظامیہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کے خلاف ویڈیو کلپ غیر مصدقہ ہیں اس لئے خبر کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔“
نوٹس کے مطابق چینل نے خود اپنی خبر کو حقائق کے منافی، جھوٹ اور من گھڑت قرار دے کر چیئرمین نیب سے معافی مانگی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کے ایک اہم ادارے کے سربراہ کے خلاف ایسا جھوٹا پروپیگینڈہ اور بدنام کرنے کی مہم توہین اور پیمرا کورٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
”پیمرا میسرز ایئرویز میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ جو نیوز ون کی مالک کمپنی ہے کو شوکاز نوٹس جاری کر کے سات دن میں تحریر ی جواب دینے کی ہدایت کرتا ہے۔“
نوٹس کے مطابق چینل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر 31 مئی کو خود یا اپنے وکیل کے ذریعے دن 11 بجے پیمرا ہیڈ کوارٹر میں پیش ہوں۔

