عرفان صدیقی کو جیل بھیج دیا گیا
پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری قانون کی خلاف ورزی پر 14 دن کے لیے اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔
سرکاری وکیل اور پولیس کی درخواست پر مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ دیا۔ عرفان صدیقی کے وکیل نے ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر پیر کو سماعت ہوگی۔
اس سے قبل عرفان صدیقی کو رات گئے ان کے گھر سے حراست میں لے کر سنیچر کی صبح مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عرفان صدیقی کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد گھر کے باہر سے اپنے ساتھ لے گئے تاہم بعد ازاں رمنا پولیس سٹیشن کے اہلکاروں نے تصدیق کی کہ عرفان صدیقی کو گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عرفان صدیقی کے خلاف کرایہ داری قانون کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان کے کرایہ دار اقبال کو بھی حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق عرفان صدیقی نے جی ٹین سیکٹر میں اپنا گھر کرائے پر دیا تاہم قانون کے مطابق پولیس کے پاس کرایہ دار کے کوائف درج نہ کرائے۔
وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق کرائے پر دیا گیا گھر عرفان صدیقی کے بیٹے کی ملکیت ہے۔
دستاویزات کے مطابق سیکٹر جی ٹین میں واقع گھر 20 جولائی کو کرائے پر دینے کا معاہدہ کیا گیا مگر اس کا پولیس میں اندراج نہ کرایا گیا جس پر 26 جولائی کو مقدمہ درج کر کے عرفان صدیقی کو گرفتار کیا گیا۔

