’کنٹرول لائن پر پاک انڈیا گولہ باری سے ہلاکتیں‘
پاکستان اور انڈیا نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور ایک دوسرے پر بلا اشتعال فائرنگ کے الزامات لگائے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انڈیا کی طرف سے سرحدوں کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کے واقعات تشویشناک اور خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
اس سے قبل بدھ کو پاکستانی افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سیز فائر کی خلاف ورزی انڈین افواج کی کشمیر میں ناکامی پر مایوسی کو ظاہر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار سے شروع ہونے والے فائرنگ اور شیلنگ کے سلسلے میں دونوں اطراف کے کشمیر میں فوجی اور سویلین ہلاکتوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’اس خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جائے گا۔ پاکستانی فوج انڈین فائرنگ سے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔‘
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے بعد پاکستانی حکام نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ڈیم پر کام کرنے والے 50 سے زائد چینی باشندوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ انڈیا کے زیراہتمام کشمیر میں مزید 10 ہزار فوج کا بھیجا جانا بھی ایک ایسا ہی قدم ہے، خطے پر اس کے خوشگوار اثرات رونما نہیں ہوں گے۔
کشمیر کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یورپی یونین اور دیگر کی مسئلہ کشمیر سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ انڈین کشمیر میں جو مظالم ہو رہے ہیں اس سے ہر کوئی باخبر ہے، امریکا کے دورے کے موقع پر کشمیر کے مسئلے کو ہر فورم پر اٹھایا گیا اور اب بھی ہر عالمی فورم پر اس کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے کہا تھا کہ منگل اور بدھ کے روز وادیِ نیلم و لیپہ میں لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 39 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے گڑھی دوپٹہ میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دو افراد ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوگے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل اور بدھ کے روز ان واقعات میں کل پانچ افراد ہلاک جبکہ 42 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

