کشمیر کی آزادی کے بینرز پر مقدمہ
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے راولپنڈی شہر میں پولیس نے کشمیر کی آزادی کے لیے ملکی فوج کو حرکت میں لانے کے نعروں والے بینرز لگانے پر نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
صحافی یاسر حکیم کے مطابق تھانہ وارث خان میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق بینرز مری روڈ پر لگائے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق مری روڈ پر کالعدم جماعت کی جانب سے بینرز آویزاں کرنے پر ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

تھانہ وارث خان پولیس کے مطابق چٹیاں ہٹیاں کے قریب بینرز اویزاں کرنے پر کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ بینرز پر پاک فوج حرکت میں آؤ اور کشمیر آزاد کراؤ کے نعرے درج تھے۔
ایف آئی آر تھانہ وارث خان کے ایس ایچ او کی مدعیت مین درج کی گئی جس میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11ڈبلیو شامل کی گئی ہے۔ مقدمے کی تفتیش بھی تھانہ وارث خان کے ایس ایچ او کریں گے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

