ترکی میں مسلح شخص کی تلاش
Reading Time: < 1 minuteترکی میں حملہ کر کے 39 افراد کو ہلاک کرنے والے مسلح شخص کی تلاش جاری ہے۔ اتوار کو رینا نائٹ کلب پر مسلح شخص نے حملہ کیا اور فائرنگ کے بعد افراتفری پھیلنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ حملے کی وجوہات واضح نہیں لیکن شبہ ہے کہ اس حملے میں اسلامی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ ملوث ہے۔ صدر رجب طیب اردغان نے حملے کے بعد کہا کہ یہ گروہ ملک میں ‘افراتفری پھیلانا’ چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘وہ ہمارے شہریوں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ ‘ترکی میں کالعدم کرد جماعت نے اپنے کو اس حالیہ سے واقعے سے علیحدہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘انھوں نے کبھی بھی عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا۔’ ترکی کے وزیر داخلہ نے تصدیق کی تھی کہ مفرور حملہ آور کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ کلب میں سات منٹ تک جاری رہنے والی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں نصف افراد غیر ملکی ہیں۔ ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں کا تعلق اسرائیل، فرانس، تیونس، لبنان، انڈیا، اردن اور سعودی عرب سے ہے۔ رینا کلب استنبول میں آبنائے باسفورس کے کنارے پر ہے – اکثر مشہور گلوکار اور کھلاڑی یہاں آتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں 69 زخمی زیرِ علاج ہیں – حملے کے وقت نائٹ کلب میں 700 افراد موجود تھے ۔