مراد سعید کے والد آسٹریلیا میں گرفتار؟
پاکستان کے وفاقی وزیر مراد سعید کے والد کو آسٹریلوی حکام کی جانب سے ایئرپورٹ پر حراست میں لینے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہے تاہم اس کی سرکاری طور پر آسٹریلیا یا پاکستان نے تصدیق یا تردید نہیں کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز سے اس پر تبصرے کیے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مراد سعید کے والد سعید اللہ کو ملبورن ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ سوالات کے جواب نہ دے سکے۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق سعید اللہ سٹوڈنٹ ویزے پر سفر کر رہے تھے۔
بعض صارفین نے آسٹریلیا کے پاکستان کے لیے ہائی کمشنر جیوفری شا کو ٹیگ کر کے بھی اصل ماجرے کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے مگر تاحال خاموشی ہے۔
مسلم لیگ ن سے ہمدردی رکھنے والی ڈاکٹر ہما سیف نے ٹویٹس میں کچھ سوالات اٹھائے ہیں۔
ادھر مراد سعید نے تحریک انصاف کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے ذریعے ٹی وی چینلز کو ٹکرز بھجوائے ہیں کہ وہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر کے خبر نشر کرنے والے نیوز چینل اور سوشل میڈیا صارفین کو عدالت لے جائیں گے۔

